پھگواڑا،7جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب بی جے پی سربراہ وجے سامپلا کی طرف سے قائم 4رکنی انکوائری کمیٹی نے اس ہفتے کے شروع میں ”وجے سنکلپ یاترا“کے دوران پارٹی کے دو گروپ کے درمیان ہوئے جھگڑے کی تحقیقات کے لئے پھگواڑا کا دورہ کیا ہے۔کمیٹی نے دونوں گروپ کی نمائندگی کرنے والے لیڈران سے ملاقات کی اور تین جنوری کے اس واقعہ کی ویڈیو ریکارڈنگ، تصویرات اور دیگر متعلقہ دستاویزات جمع کئے۔پینل نے کہا کہ وہ جلد ہی پارٹی اعلی کمان کو اپنی رپورٹ سونپے گی۔مقامی بی جے پی یونٹ میں گروپ بندی سامپلا کی یاترا کے دوران چھائی رہی تھی۔تین جنوری کو پھگواڑا سے پارٹی کے ٹکٹ کے دعویدار موہن لال بگا کی قیادت والے گروپ نے بگا روڈ پر یاتراکا خیر مقدم کیا تھا جبکہ موجودہ پارٹی ممبر اسمبلی سوم پرکاش کیٹھ کی قیادت والے حریف گروہ نے اس سے ایک کلومیٹر دور بصرہ پیلس پر اس کا خیر مقدم کیا تھا۔دونوں گروہوں نے نعرے بازی کی تھی اور ایک بار تو دونوں بالکل ایک دوسرے کے سامنے آ گئے تھے۔